حکومت نے تحریک عدم اعتماد کو قانونی طور پر ناکام کرنے کیلئے تیاری مکمل کر لی ہے، اٹارنی جنرل آئندہ چند گھنٹوں میں وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے شعبہ قانون سازی سےمنحرف اراکین کے ووٹ ڈالنے کے متعلق مشاورت کی، جس کے متعلق انہیں بتایا گیا کہ آئین کا آرٹیکل 63 ون اے بالکل واضح ہے، پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کے بعد ہی رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی کی جا سکے گی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین سینیٹ سے ملاقات میں بھی منحرف اراکین کیلئے رولنگ کے متعلق گفتگو کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی رولنگ کے ذریعے تحریک عدم اعتماد کو ناکام کرنے کیلئے کوشاں ہیں، جس کے لئے وہ قانونی ماہرین سے مشاورت کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم نے تحریک عدم اعتماد کے متعلق قانونی پہلوؤں پر مشاورت کیلئے اٹارنی جنرل کو طلب کر لیا ہے، جو آئندہ چند گھنٹوں میں وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نمبر گیم مکمل کرنے اور اتحادیوں سے رابطوں کیساتھ حکومت تحریک عدم اعتماد کا قانونی طور پر مقابلہ کرنے کی بھی بھرپور تیاریاں کر رہی ہے۔