جہانگیر ترین کی برطانیہ سے وطن واپسی چند روز کیلئے موخر ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنماء جہانگیر ترین کو ڈاکٹروں نے فوری سفر سے روک دیا ہے، جس کے باعث انہوں نے وطن واپسی مزید چند روز کیلئے موخر کر دی ہے۔
واضح رہے کہ جہانگیر ترین کی رواں ہفتے برطانیہ سے وطن واپسی متوقع تھی، جس کے بعد ترین گروپ نے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے میٹنگز شیڈول کر رکھیں تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترین گروپ کے رہنماء جہانگیر ترین سے ٹیلی فون کے ذریعے رابطے میں رہیں گے، اور گروپ کے اراکین ان کی مشاورت سے سیاسی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ جہانگیر ترین طبیعت کی ناسازی کے باعث ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق آئندہ 7 سے 10 روز برطانیہ میں ہی قیام کریں گے۔ جس کے بعد وہ ڈاکٹروں کی مشاورت سے وطن واپسی کا فیصلہ کریں گے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ 6 مارچ کو بھی جہانگیر ترین نے برطانیہ سے وطن واپسی طبی مسائل کے باعث ملتوی کر دی تھی۔