وفاقی وزرا ءنے علیم خان سے رابطے تیز کردئیے ہیں اور ان کے تحفظات بھی دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر دفاع پرویز خٹک اورعامر کیانی ترین گروپ کے علیم خان سے بیک ڈور رابطے کررہے ہیں جب کہ علیم خان اہم سیاسی فیصلے کیلئے ترین گروپ کی حتمی حکمت عملی کے منتظر ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویزالٰہی اورترین گروپ کے اپوزیشن کی طرف جانے پر علیم خان اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ علیم خان ترین گروپ کے صرف ایک اجلاس میں شریک ہوئے تھے، جبکہ علیم خان ترین گروپ کے آج کے اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوں گے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ترین گروپ نے بھی اپنے کسی اجلاس میں علیم خان کو مدعو بھی نہیں کیا۔
مصدقہ ذرائع کے مطابق علیم خان کی دورہ لندن میں جہانگیرترین سے بھی ملاقات نہیں ہوسکی ، اس لئے علیم خان خاموشی سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کر رہے ہیں۔