پاکستان تحریک انصاف نے تحریک عدم اعتماد سے قبل تاریخ کے سب سے بڑے جلسے کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت آج پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اور وزیراعظم نے تحریک عدم اعتماد کیلئےحکومتی حکمت عملی پر کورکمیٹی کواعتماد میں لیا۔
اجلاس کے بعد پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ کپتان نے ڈی چوک اسلام آباد جلسے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، انشاءاللہ 27 مارچ کو تاریخ ساز اجتماع ہونے جا رہا ہے، دنیا دیکھے گی کہ پاکستان کی عوام کیسے اپنی آزادی اور خودمختاری کیلئے اپنے کپتان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔
کپتان نے ڈی چوک اسلام آباد جلسے کا حتمی فیصلہ کر لیا…. انشاءاللہ 27 مارچ کو تاریخ ساز اجتماع ہونے جا رہا ہے. دنیا دیکھے گی پاکستان کی عوام کیسے اپنی آزادی اور خودمختاری کے لئے اپنے کپتان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں
— Asad Umar (@Asad_Umar) March 14, 2022
یاد رہے کہ اس سے قبل ڈی چوک میں جلسے کیلئے 10 لاکھ افراد جمع کرنے سمیت دیگر اہداف طے کرتے ہوئے پارٹی عہدیداران کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی تھیں۔ جلسے کی میزبانی اسلام آباد کی تنظیم کو سونپی گئی ہے۔
کور کمیٹی اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمان، آصف زرداری اور شہبازشریف نے سوئے ہوئے شیروں کو جگا دیا ہے، آپ اپوزیشن کو ہاتھ ملتے دیکھیں گے، دیکھتے ہیں ووٹنگ کی نوبت آتی بھی ہے یا نہیں۔