پاکستان میں بھارتی میزائل گرنے کے واقعے پر چین کا موقف سامنے آیا ہے۔
چین نے پاکستان میں بھارتی میزائل گرنے کے واقعے پر پاکستان کی جانب سے مشترکہ تحقیقات کے مطالبے کی حمایت کی ہے۔
پیر کے روز چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واقعے کی مشترکہ تحقیقات کے پاکستان کے مطالبے کی حمایت کی اور تمام مسائل پر دونوں پڑوسیوں کے درمیان براہ راست بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔
بیجنگ میں میڈیا بریفنگ کے دوران چینی ترجمان ژاؤ لیجیان نے کہا کہ ہم دونوں ممالک سے جلد از جلد رابطہ اور بات چیت کرنے کے علاوہ اس میزائل واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔
چینی ترجمان نے بھارت اور پاکستان پر بھی زور دیا کہ وہ باہمی معلومات کے تبادلے کو مضبوط بنائیں اور اس طرح کے واقعات کے سدباب کیلئے بروقت اطلاع کا طریقہ کار قائم کریں۔
یادرہے کہ بھارت نے گزشتہ ہفتے تسلیم کیا تھا کہ 9 مارچ 2022ء کے روز تکنیکی خرابی کی وجہ سے ایک میزائل حادثاتی طور پر پاکستانی علاقے میں فائر ہوا، جس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ جس کے ردعمل میں پاکستان کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کی سادہ وضاحت اور تحقیقات کے بیان سے مطمئن نہیں ہیں، پاکستان اس واقعے سے منسلک حقائق جاننے کیلئے مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔