تحریک عدم اعتماد ہی نہیں، ان کا 2023الیکشن بھی گیا، عمران خان

15  مارچ‬‮  2022

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی تحریک عدم اعتماد ہی نہیں بلکہ ان کا 2023 کا الیکشن بھی گیا,عالمی سطح پر مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی کے اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج حزب اختلاف کی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے لوگوں کو ٹماٹر اور پیاز کی قیمتیں بھلا دیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک منصوبہ انسان بناتا ہے اور ایک منصوبہ اللہ بناتا ہے۔ مہنگائی کا رونا رونے والے اچانک مہنگائی کو بھول گئے۔ میں غلط فہمی میں پڑ گیا تھا کہ شاید قوم ان کے ساتھ کھڑی ہو جائے گی لیکن یہ پاکستانی قوم کو نہیں جانتے۔

عمران خان نے کہا کہ فضل الرحمان کا ڈیزل نام مسلم لیگ ن نے رکھا تھا۔ آصف زرداری نے حدیبیہ ملز کیس نواز شریف کے خلاف بنایا۔

انہوں نے کہا کہ لوگ مہنگائی کی وجہ سے مشکل میں ضرور ہیں لیکن تینوں کی کرپشن کو نہیں بھولے۔ میں پیشگوئی کرتا ہوں کہ حزب اختلاف کا عدم اعتماد ہی نہیں بلکہ 2023 کا انتخاب بھی ان کے ہاتھ سے گیا۔ تحریک انصاف نےساڑھے 3 سالوں میں تاریخی کام کیے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی فوج طاقتور نہیں ہوتی تو آج ملک کے تین ٹکڑے ہو چکے ہوتے۔ میمو گیٹ میں امریکہ کو کہا گیا زرداری کو پاکستانی فوج سے بچا لو۔ نواز شریف بھارت کو پیغام دیتا کہ فوج غلطیاں کر رہی ہے لیکن ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ نریندر مودی ہر فورم پر سابق آرمی چیف کو نشانہ بناتا تھا لیکن مجھے کوئی کہے آرمی چیف برا ہے اور آپ اچھے ہیں تو میں اسے اپنی توہین سمجھوں گا۔ مودی آرمی چیف پر تنقید کرتا تھا اور نواز شریف اس کو شادیوں پر بلاتا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ساڑھے 3 سال سے تنگ آگیا تھا کہ کل حکومت گئی آج گئی، نوازشریف جنرل جیلانی کی چھتوں پر سریا لگاتے ہوئے اقتدار میں آئے تھے انہوں نے محنت نہیں کی بلکہ انہیں باہر سے اٹھا کر لایا گیا۔ ہم تو جدوجہد کر کے آئے ہیں۔ یہ غلط فہمی میں پڑ گئے ہیں کہ لوگ مشکل وقت میں ان کرپشن بھول گئے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری کے دور میں 400 ڈرون حملے ہوئےاور ہمارا وزیراعظم اوبامہ کے ساتھ بیٹھا تھا اور کانپیں ٹانگ رہی تھیں، گھبرا کر نواز شریف نے اوبامہ کو مسز اوبامہ کہہ دیا۔ ان کو پتا ہے غیرملکی جب چاہیں منی لانڈرنگ میں انہیں پکڑ سکتے ہیں، کیا ڈرون حملے رکوانے کے لیے صرف عمران خان احتجاج کرے۔

عمران خان نے کہا کہ کرپٹ لیڈرز کی وجہ سے ملک کو اس کا مقام نہیں ملا، ذوالفقار علی بھٹو ایک خودار لیڈر تھا وہ کسی کا غلام نہیں تھا اسی لیے لوگوں کو اس پر فخر تھا ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے لیے لڑتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار جانیں چلی گئیں، ہم استعمال ہونا چاہیں تو دنیا استعمال کرے گی اور اگر ہم اپنی عزت نہیں کریں گے تو دنیا ہماری عزت نہیں کرے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری پر 5 سال تک ٹیکس چھوٹ ہو گی، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پاور آف اٹارنی ڈیجیٹلائز کرا دی۔ سفارتخانوں کو کہہ دیا کہ آپ نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں ایکسپورٹ میں ریکارڈ اضافہ ہواہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا ہوا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved