مسلمان طالبہ نے کرناٹک ہائیکورٹ کا حجاب پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا

16  مارچ‬‮  2022

بھارتی ریاست کرناٹک کی ہائیکورٹ کا حجاب پر پابندی کے متعلق جانبدارانہ اور متنازع فیصلہ مسلم طالبہ نبا ناز نے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کرناٹک ہائیکورٹ نے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کے فیصلے کو برقرار رکھنے کا جانبارانہ فیصلہ جاری کیا تھا۔ کرناٹک ہائیکورٹ کے چیف جسٹس  ریتو راج اوستھی کا کہنا تھا کہ اسلام میں حجاب پہننا فرض نہیں، مزید برآں تعلیمی اداروں کو یونیفارم تجویز کرنے کا پورا حق اور اختیار حاصل ہے۔

کرناٹک ہائیکورٹ میں ریاست کے مختلف تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کے خلاف 5 درخواستیں دائر کی گئی تھیں، جنہیں عدالت نے حجاب پر پابندی برقرار رکھتے ہوئے خارج کر دیا۔

فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے والی نبا ناز ان 5 لڑکیوں میں شامل نہیں ہیں جنہوں نے کرناٹک ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

حجاب پر پابندی کا معاملہ کیا ہے؟

بھارتی ریاست کرناٹک کی انتہا پسند بی جے پی حکومت نے رواں برس 5 فروری کو ایک مراسلہ جاری کیا تھا، جس میں تعلیمی اداروں کو یونیفارم پر مکمل عملدرآمد کرانے کے احکامات جاری کئے تھے۔ حکومتی مرالے کے بعد ریاست کے بعض تعلیمی اداروں نے مسلمان طالبات کے حجاب پر پابندی عائد کر کے انہیں کالج میں داخلے سے روک دیا تھا۔ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کی انتظامیہ کے خلاف ریاست اور ملک بھر میں مظاہرے ہوئے، اسی دوران ہندو انتہا پسندوں کے ہجوم نے مسکان نامی باحجاب لڑکی کو کالج میں داخل ہوتے وقت ہراساں کیا، اور جے شری رام کے نعرے لگائے، جس پر مسکان نے نتائج کی پرواہ نہ کرتے ہوئے مشتعل ہجوم کے سامنے اللہ اکبر کے نعرے بلند کر دئیے۔ مسکان کی بہادری کو دنیا بھر کی مسلم اور اعتدال پسند کمیونٹی کی جانب سے بہت سراہا گیا۔ بعد ازاں طالبات کے والدین اور مسلم تنظیموں نے تعلیمی اداروں کی جانب سے حجاب پر پابندی کیخلاف کرناٹک ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ ابتدائی سماعت میں ہی عدالت نے فیصلہ آنے تک مسلمان طالبات کو حجاب پہننے سے روک دیا۔ حجاب پر پابندی کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ میں بھی درخواست دائر کی گئی، جسے عدالت عظمیٰ نے ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیاتھا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved