پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نے دعویٰ کیا ہے کہ تین وفاقی وزراء پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رمیش کمار کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا ہےکہ تین وفاقی وزراء نہ صرف حکومت کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں بلکہ وہ پی ٹی آئی سے بھی دستبردارہو چکے ہیں، جبکہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے تیاریاں جاری ہیں اور سندھ ہاؤس اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے 24 کے قریب ایم این اے بھی موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی رمیش کماربھی سندھ ہاؤس میں موجود ہیں،جہانگیر ترین گروپ کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ یہاں 24 ایم این ایز موجود ہیں، پارلیمنٹ لاجز پر حملے کے باعث وہ لوگ سندھ ہاؤس میں پناہ گزیر ہیں ۔
سندھ ہاؤس میں موجود تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے نام بھی سامنے آگئے ہیں، وزیراعظم عمران خان کو سندھ ہاؤس میں موجود ارکان قومی اسمبلی کی فہرست ایک ریاستی ادارے کی جانب سے پیش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے راجہ ریاض، نواب شیر وسیر، رانا قاسم نون، غفار وٹو سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ نورعالم خان، ریاض مزاری، باسط بخاری، احمد حسن ڈیہڑ، نزہت پٹھان اور وجیہہ اکرم بھی سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ ارکان کے علاوہ بھی پی ٹی آئی کے کئی ارکان اسمبلی سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔