وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان کو سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ میں نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سندھ میں گورنر راج نافذ کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس اختیار ہے وہ گورنر راج نافذ کر سکتے ہیں، وہ گورنر راج کا فیصلہ کریں یا نہ کریں یہ ان کی صوابدید ہے۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ ہم سندھ ہاؤس میں کوئی کارروائی نہیں کر رہے، حکومت کے جو لوگ وہاں گئے ہیں وہ جانیں اور ان کے حلقے کے لوگ جانیں، لیکن یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ سندھ کی عوام کا پیسہ وہاں استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خریدوفروخت طول پکڑ گئی ہے، سندھ ہاؤس ایکسپوز ہوگیا ہے، قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، سندھ ہاؤس میں جو خرید وفروخت ہوئی، اس وجہ سے سندھ میں گورنر راج نافذ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کو عظیم افواج کی پریڈ ہے، اسلام آباد میں عام تعطیل ہے، 25 مارچ کے بعد میں ہوں گا، اور میڈیا ہو گا، میں عمران خان کیساتھ ہوں۔
یاد رہےکہ آج سندھ ہاؤس میں حکومت کے ناراض اراکین اسمبلی سامنے آئے ہیں، جن میں سے راجہ ریاض نے دعویٰ کیا ہے کہ یہاں 24 سے زیادہ اراکین اسمبلی موجود ہیں، مزید بھی جوائن کرنا چاہ رہے ہیں، لیکن ن لیگ ان کا ٹکٹ ایڈجسٹ نہیں کر پا رہی۔