پارٹی سے بغاوت کرنے والے اراکین اسمبلی کے خلاف وزیراعظم عمران خان کا بڑا فیصلہ

17  مارچ‬‮  2022

وزیراعظم عمران خان نے پارٹی سے بغاوت کرنے والے اراکین قومی اسمبلی کے خلاف کاروائی کیلئے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر میں آج وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری، مشیر پارلیمانی اموربابر اعوان، وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب،  وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، خسرو بختیار، شہزاد وسیم، حماداظہر، شبلی فراز اور عامر ڈوگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اور تحریک عدم اعتماد کیلئے پارٹی سے بغاوت کرنے والے اراکین قومی اسمبلی کے متعلق قانونی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی سے بغاوت کرنے والے اراکین اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی اورقانونی ٹیم کو کاروائی کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آئین میں واضح طور لکھا ہے کہ پارٹی پالیسی کے خلاف جانے والے اراکین قومی اسمبلی کو قانونی کارروائی کے تحت ڈی نوٹیفائی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا، آخری گیند تک لڑوں گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ کے پیسے سے اراکین اسمبلی کو خریدنے کیلئےنوٹوں کی بوریاں کھول دی گئی ہیں، تین خواتین ارکان تومخصوص نشست پر اسمبلی آئی ہیں، وہ ایسے کیسے کرسکتی ہیں، انہوں نے کہا کہ میں ان سے بلیک میل نہیں ہوں گا۔

وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کے شرکاء کو کہا  کہ آپ تمام لوگ ریلیکس رہیں، ان کےساتھ جو کرنا ہوگا وہ میں خودکروں گا، 28 تاریخ کو سب کو معلوم ہوجائے گا، عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved