یمن میں باغی حوثی ملیشیا نے اتوار کی شب یمنی صوبے مآرب کے ایک گاؤں العمود میں ایک مسجد پر بیلسٹک میزائل داغ دیا۔ اس کے علاوہ حوثی ملیشیاء نے ضلع الجوبہ میں ایک رہائشی علاقے کو بھی بیسلٹک میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعے میں 13 شہری جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوئے۔ ان میں زیادہ تر طلبہ تھے جو مسجد کے اندر سو رہے تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق علاقے کے شہری ابھی تک ملبے کے نیچے دبے افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔
حوثی ملیشیا نے جمعرات کے روز اسی گاؤں کی ایک معروف شخصیت کے گھر کو بیلسٹک میزائل کے حملے کا نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں عورتوں اور بچوں سمیت 12 شہری جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے اور کئی گھر اور املاک تباہ ہو گئیں تھیں۔