متحدہ اپوزیشن نے آج قومی اسمبلی میں دھرنے سے او آئی سی اجلاس روکنے کی دھمکی سے یوٹرن لے لیا ہے۔
آج کی پریس کانفرنس کے بعد متحدہ اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، جس میں او آئی سی کے 76 ویں وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کیلئے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا گیا ہے۔
متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی اجلاس میں مہمانوں کی آمد ہمارے لئے باعث مسرت ہے۔ متحدہ اپوزیشن او آئی سی کے جذبے اور عزم کی تحسین کرتی ہے۔ داخلی معاملات کو او آئی سی پر اثرانداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق او آئی سی اجلاس میں مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ اسلامی دنیا کو درپیش کثیر الجہتی مسائل پر غور کیلئے اسلام آباد آ رہے ہیں، اجلاس میں افغانستان، جموں کشمیر اور فلسطین جیسے اہم مسائل پر غور کیا جانا ہے۔
متحدہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ مہمانوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پورا پاکستان انہیں خوش آمدید کہے گا، اور وہ یہاں سے خوشگوار یادیں لیکر جائیں گے۔
یاد رہے کہ آج متحدہ اپوزیشن کی پریس کانفرنس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ اگر اسپیکر قومی اسمبلی نے سوموار کے روز فاتحہ کے بعد تحریک عدم اعتماد پیش نہ کی تو اپوزیشن جماعتوں کو کہوں گا کہ ایوان سے باہر نہ آئیں، میں دیکھتا ہوں کہ آپ او آئی سی اجلاس کیسے کرتے ہیں۔