پاکستان تحریک انصاف کے اقلیتی رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رمیش کمار نے اپنے وکیل کے ذریعے شہباز گل کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا، جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز گل 15 روز میں میڈیا پلیٹ فارمزپر اپنا معافی نامہ شائع کرائیں اور ہرجانہ ادا کریں۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ بصورت دیگر ان کے خلاف ڈیفیمیشن آرڈیننس کے سیکشن 8 کے تحت قانونی کارروائی کی جائےگی۔
علاوہ ازیں رمیش کمار نے تھانہ سیکرٹریٹ میں سیکیورٹی فراہمی کیلئے بھی درخواست جمع کرا دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ آئی جی اسلام آباد اورایس ایس پی میری اورمیرے اہل خانہ کی سیکیورٹی یقینی بنائیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل شہباز گل نے نجی چینل کے شو میں پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کو گالی دی تھی، اور غیر مہذب الفاظ بھی استعمال کئے تھے۔