ضمیر فروشوں سے سودا کر کے بچائی گئی حکومت پر لعنت بھیجتا ہوں، وزیراعظم

20  مارچ‬‮  2022

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں ضمیر کا سودا کر کے بچائی گئی حکومت پر لعنت بھیجتا ہوں۔

آج درگئی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن، عدالت اور عوام کے ساتھ ضمیر کا سودا کیا جارہا ہے، وقت آگیا ہے عوام فیصلہ کرے کہ وہ کس کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے پاس اس وقت دو راستے ہیں کہ چوروں اور ڈاکوؤں کا ساتھ دیں یا ان کی طرف جائیں جو 25 سال سے کرپشن کے خلاف بات کررہے ہیں، اب فیصلہ کن وقت آگیا، لوٹے اور ضمیر فروش میں فرق ہے، ایک لوٹا ہے جو کسی اور طرف چلا جائے جب کہ دوسرا وہ ہے جو پیسوں کی خاطر اپنا ضمیر اور دین فروخت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب سندھ ہاؤس میں نوٹوں کی بوریاں لائی جائیں اور برائی سب کے سامنے آجائے تو اللہ کا حکم ہے کہ برائی کے خلاف اور اچھائی کے ساتھ کھڑے ہوجاؤ، یہ نہیں کہا کہ نیوٹرل رہو۔

عمران خان نے کہا کہ منحرف ہونے والے اراکین اسمبلی سے کہا کہ آج کا نوجوان باشعور ہے، یہ سوشل میڈیا کا دور ہے جہاں کچھ بھی چھپانا مشکل ہے، ضمیر فروشوں کا گھر سے باہر نکلنا، تقاریب میں جانا مشکل ہوجائے گا، لوگ ضمیر بیچنے والوں کو معاف نہیں کریں گے، کوئی ان کے بچوں سے شادی نہیں کرے گا۔

 وزیراعظم نے اپنے ایم این ایز کو پیغام دیا کہ غلطیاں ہوجاتی ہیں میں آپ کو معاف کررہا ہوں واپس آجائیں، اپنے بچوں کے مستقبل کے واسطے یہ غلطی نہ کریں، وہ پیسے لے کر اپنا اور اپنے بچوں کا مستقبل تباہ نہ کریں۔

عمران خان نے کہا کہ مجھ سے کہا گیا کہ ایم این ایز کو خرید کر واپس لے آؤں، مجھے آخرت کی فکر ہے، عوام کا پیسہ چوری کرکے حکومت بچانے سے بہتر ہے کہ حکومت چلی جائے، اگر ضمیر کا سودا کرکے اپنی حکومت بچاؤں تو میں ایسی حکومت پر لعنت بھیجتا ہوں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved