او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس کیلئے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری

21  مارچ‬‮  2022

اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے 48 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے غیر ملکی وفود کی اسلام آباد آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں شرکت کیلئے سیکریٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم اور صدر اسلامی ڈیویلپمنٹ بینک ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، ترکی کے وزیر خارجہ، مصر کے وزیر خارجہ سامع حسن شکری، بحرین کے وزیر خارجہ سمیت صومالیہ، گیمبیا، یوگنڈا، اور نائیجریا کے وزرائے خارجہ بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ اجلاس میں شرکت کیلئے چینی وزیر خارجہ وانگ یی بھی خصوصی دعوت پر آج پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

علاوہ ازیں انڈونیشیا کے نائب وزیر خارجہ عبدالقادر جیلانی، مالدیپ کے مستقل مندوب ،سعودی عرب میں بنگلہ دیش کے سفیر، آذربائیجان کے ڈپٹی وزیر خارجہ اور سویڈن کا وفد بھی اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ چکا ہے۔

یاد رہے کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں مجموعی طور پر 48 سے زائد وزرائے خارجہ ، نائب وزرائے خارجہ، وزرائے مملکت و سرکاری حکام شرکت کریں گے۔ علاوہ ازیں 15 مبصر ممالک کے نمائندگان خصوصی سمیت 675 مبصرین بھی او آئی سی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں یہ اجلاس 22 مارچ کو شروع ہو گا، اور 23 مارچ تک جاری رہے گا، شرکاء 23 مارچ کو افواج پاکستان کی پریڈ بھی دیکھیں گے۔ 22 مارچ کو وزیراعظم افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اجلاس میں فلسطین، کشمیر، یمن اور افغانستان کے مسائل کو مرکزی حیثیت حاصل ہو گی، جبکہ اسلاموفوبیاسمیت مسلم دنیا کی خوشحالی و ترقی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز رہے گی۔ اجلاس میں 140 قراردادیں منظوری کیلئے پیش کی جائیں گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved