وزیراعظم عمران خان سے پیر کو اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد سیلمان الجاسر نے ملاقات کی جو اسلامی تعاون تنظیم کی وزرا خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان آئے ہیں۔
اسلام آباد – (اے پی پی): ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے اسلامی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے ساتھ دیرینہ اور قابل اعتماد شراکت داری ، توانائی، مالیات، مواصلات، تعلیم اور صحت جیسے مختلف شعبوں میں اس کی مدد کااعتراف کیا۔ انہوں نے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون کو بھی سراہا جس نے ویکسین کے بغیر رہ جانے والی آبادی تک رسائی کیلئے قومی ویکسی نیشن مہم میں بہت زیادہ تعاون کیا۔
ڈاکٹر الجاسر نے وزیراعظم کو اسلامی ترقیاتی بینک کے پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی جس میں افغانستان ہیومینٹیرین ٹرسٹ فنڈ کو فعال کرنا بھی شامل ہے جو کہ افغان عوام کی انسانی اور معاشی امداد کی ضرورت کے پیش نظر 19 دسمبر 2021ء کو اسلام آباد میں منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرا خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں قائم کیا گیا تھا۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے اور مسلسل تعاون اور تعلقات بڑھانے کا منتظر ہے۔