وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چینی ہم منصب کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

21  مارچ‬‮  2022

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چین کے ہم منصب وانگ یی نے وفد کے ہمراہ پیر کے روز  وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔

اسلام آباد – (اے پی پی): ملاقات میں دونوں وزراء خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ رفتار کو برقرار رکھنے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں وزراء خارجہ نے دوطرفہ سٹریٹجک، اقتصادی اور سکیورٹی تعاون، کورونا، یوکرین میں جاری صورتحال اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ چین پاکستان دوستی کیلئے انتہائی اہم دن ہے، یہ موقع اس لئے بھی اہم ہے کہ چینی وزیر خارجہ پہلی مرتبہ او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے اس موقع پر پاکستان کی قیادت اور عوام کی جانب سے پیر کو چین میں ہونے والے المناک ہوائی حادثے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر چینی قیادت اور چینی عوام کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ دونوں وزراء خارجہ کے درمیان دوطرفہ گہرے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب وانگ ای کی او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس میں شرکت اور پاکستان کے قومی دن کی پریڈ میں شرکت کا خیرمقدم کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ہر نازک موڑ پر ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے، دونوں ممالک کی قیادت کے نقطہ نظر میں ہم آہنگی اور عزم کے باعث سی پیک فیزII- کے حوالے سے اعلیٰ معیاری ترقی کا خواب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے۔ دونوں وزراء خارجہ نے یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پائیدار امن کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کو بروئے کار لانے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ نے ریاستی کونسلر وانگ یی کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارت کے غیرذمہ دارانہ رویے کے بارے میں آگاہ کیا۔ 9 مارچ کو بھارت کی جانب سے میزائل فائر واقعے  پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے اس واقعہ کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو خط کے ذریعے پاکستان کی تشویش اور مشترکہ تحقیقات کے مطالبے سے آگاہ کیا اور کہا کہ بھارت کا غیرذمہ دارانہ رویہ علاقائی امن و سلامتی کی راہ میں بہت بڑی رکاوٹ ہے۔

دونوں وزراء خارجہ نے افغانستان کو معاشی بحران سے بچانے اور امن و استحکام کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق اور دوطرفہ تعلقات کی موجودہ رفتار کو برقرار رکھنے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس میں مدعو کرنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved