وزیراعظم عمران خان سے تاجک وزیر خارجہ کی ملاقات، کاساپن بجلی منصوبے کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ

21  مارچ‬‮  2022

وزیر اعظم عمران خان سے تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہر دین نے ملاقات کی ہے۔

اسلام آباد – (اے پی پی): یہ ملاقات اسلامی تعاون تنظیم کے 48ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ ملاقات کے دوران تاجک وزیر خارجہ نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 30ویں سالگرہ پر وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔

وزیر اعظم نے ستمبر 2021ء میں دوشنبے کے اپنے سرکاری دورے کا حوالہ دیا اور دورے کے دوران کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد  پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے تجارتی اور اقتصادی روابط کو بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو جلد مکمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے معیشت، تجارت، توانائی، رابطے اور سرمایہ کاری کے شعبوں سمیت دوطرفہ تعاون کو جامع طور پر بہتر بنانے کی اپنی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے “وژن سنٹرل ایشیا” پالیسی کے تحت وسطی ایشیا کے ساتھ پاکستان کے بڑھتے ہوئے روابط کو بھی اجاگر کیا اور کاسا 1000 پاور پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے افغانستان میں پائیدار امن اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر زور دیا۔ علاقائی خوشحالی کے لیے ملک میں دیرپا امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے اس سلسلے میں پڑوسی ممالک کے کلیدی کردار پر زور دیا۔ وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان سب کے مفاد میں ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved