وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بلاول صاحب آئندہ مہنگائی کے خلاف جلوس وزیراعلی سندھ ہاؤس کے سامنے جلوس نکالیں تاکہ پتہ ہو کہ مہنگائی کا ذمہ دار کون ہے اور کیوں مہنگائی ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ اس وقت مسئلہ یہ آرہا ہے کہ پنجاب اور سندھ کی قیمتوں میں بڑا فرق ہے، راولپنڈی میں 20 کلو آٹا1100 روپے کا مل رہا ہے جبکہ کراچی میں1470 روپے کا مل رہا ہے، چینی پنجاب میں 90 جبکہ کراچی میں 120 روپے کلو ہے، اسی طرح مونگ کی دال پنجاب میں 148 جبکہ کراچی میں 196 روپے کلوہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنیادی طور پر مسئلہ یہ ہے کہ سندھ کی حکومت سے قیمتوں پر کنٹرول نہیں ہوپارہا ہے، سندھ حکومت نے پہلےگندم خریدی نہیں پھر ریلیز دیر سے کی، جس کی وجہ سے ہمارا ایس پی آئی متاثر ہورہا ہے۔
انتخابی اصلاحات کو لیکر آگے بڑھنا چاہتے ہیں
آج اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں فواد چوہدری نے کہا کہ انتخابی اصلاحات پر ہماری مستقل پوزیشن رہی ہے کہ جب تک الیکشن کا نظام شفاف نہیں کرلیتے ہیں، تو پاکستان میں انتخابات پر جو اعتراضات ہیں وہ ختم ہونا بہت ضروری ہیں اور اسی سلسلے میں ہم آگےبڑھنا چاہ رہے ہیں۔
پاکستان میں مہنگائی خطے کے دیگر ممالک کی نسبت کم ہے
وفاقی وزیر اطلاعات نے اشیائے ضروریہ کی پاکستان میں قیمتوں کا موازنہ خطے کے دیگر ممالک سے کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اشیائے ضروریہ خطے میں اب بھی سب سے سستی ہیں، جن ممالک میں تیل پیدا نہیں ہوتا ان ممالک میں پاکستان میں سب سے سستا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ
اس وقت پاکستان میں آٹا فی کلو 60 روپے 9پیسے کا ہے، بھارت اور بنگلہ دیش میں 83 روپے اور افغانستان میں 73 روپے 50 پیسے کا ہے، پاکستان میں چنا کی دال 146 روپے 77 پیسے فی کلو ہے جبکہ بھارت میں 166 روپے، بنگلہ دیش میں 224 روپے ہے۔ ماش کی دال پاکستان میں 245 روپے 84 پیسے فی کلو ہے، بھارت میں 244، بنگلہ دیش میں 334 روپے اور افغانستان میں 214 روپے کی ہے۔ پاکستان میں پیاز فی کلو 47 روپے 14 پیسے کا ہے، بھارت میں 95 روپے اور بنگلہ دیش میں 121 روپےکا ہے، چکن پاکستان میں 254 روپے 92 پیسے فی کلو ہے جبکہ بھارت میں 438 اور بنگلہ دیش میں 324 روپے کا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پٹرول اس وقت پاکستان میں 138 روپے 73 پیسے فی لٹر جبکہ بھارت میں 258 اور بنگلہ دیش میں 180 روپے کا ہے، اس وقت ہمارے خطے میں یہ وہ ممالک ہیں جہاں ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق غربت کی شرح بھی ہم سے زیادہ ہے اور بنیادی اشیاء کی قیمتیں بھی ہم سےزیادہ ہیں۔
وزیراعظم کل قوم سے خطاب میں ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے
وفاقی وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کل وزیراعظم عمران خان قوم سے اہم خطاب میں ایک بہت بڑے اور تاریخی ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے جس کے تحت ملک کی 53 فیصد آبادی مستفید ہو گی۔
کل وزیراعظم عمران خان قوم سے اہم خطاب میں ایک بہت بڑے اور تاریخی ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے جس کے تحت ملک کی 53 فیصد آبادی مستفید ہو گی۔ آج وفاقی کابینہ نے احساس آرڈیننس 2021 کی بھی منظوری دے دی ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات @fawadchaudhry pic.twitter.com/hMqD7h2XF8
— Fawad Chaudhry (Updates) (@FawadPTIUpdates) November 2, 2021
ہاؤسنگ سوسائٹیز بنانے کیلئے وفاقی حکومت اراضی حاصل نہیں کر سکے گی
وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ہاؤسنگ سوسائٹیز بنانے کیلئے وفاقی حکومت کے اراضی حاصل کرنے کے اختیار کو ختم کردیا ہے، اب وفاقی حکومت ہاؤسنگ سوسائیٹیز بنانے کیلئے اراضی حاصل نہیں کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پیکج کے تحت بہت سے لوگوں نے 2،2پلاٹس حاصل کرلیے ہیں لیکن وزیراعظم نے اپنا صوابدیدی اختیار بھی ختم کردیا ہے۔
ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اربوں روپے کے صوابدیدی فنڈز خرچ کئے
فواد چوہدری نےآج پریس کانفرنس میں کہا کہ نواز شریف اور پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں وزرائے اعظم نے اربوں روپے کے صوابدیدی فنڈز استعمال کئے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے ایک روپیہ بھی صوابدیدی فنڈ سے استعمال نہیں کیا اور اب قانونی طور پر بھی وزیراعظم پیکج بھی ختم کر دیا ہے لہٰذا وزیراعظم کسی کو بھی پلاٹ نہیں دے سکے گا۔