ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری

22  مارچ‬‮  2022

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں کیپٹل مارکیٹس اورنجی سرمایہ کاری کے فروغ اورترقی کیلئے 30 کروڑڈالرکے قرضہ کی منظوری دے دی ہے۔

اسلام آباد –  (اے پی پی): ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری بیان کے مطابق یہ قرضہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تھرڈکیپٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت دیا جارہاہے جس کی منظوری 2020ء میں دی گئی تھی۔پروگرام کے تحت ادارہ جاتی انویسٹرز کی طلب سے استفادہ کو یقینی بنایاجائیگا جبکہ متبادل مالیاتی آلات کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹرجنرل برائے مغربی ایشیا یوگینی زوخوف نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان میں کیپٹل مارکیٹس کے فروغ اورترقی میں کلیدی شراکت داررہاہے۔انہوں نے کہاکہ نئے پروگرام سے پاکستان میں کیپٹل مارکیٹس کے فروغ کے ساتھ ساتھ حکومتی قرضوں کے انتظام وانصرام اوراندرونی وسائل کومجتمع کرنے میں بہتری آئیگی اورپائیدارنموومعیشت میں استحکام کی کوششوں کوتقویت ملیگی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہاہے کہ پاکستان کے مالیاتی شعبہ پرپر بینکوں کا غلبہ ہے اور تنوع کی کمی کی وجہ سے مالیاتی جھٹکوں اور غیر یقینی کے دور کو برداشت کرنے کے قابل نہ ہونے کا خطرہ بڑھاتی ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج تک رسائی حاصل کرنے والے سرمایہ کاروں کی تعداد اور سرمایہ اکٹھا کرنے والی کمپنیوں کی تعداد کم ہے ۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے پروگرام کے تحت پاکستان میں پالیسی اقدامات کو کی معاونت کی جائیگی جس سے کیپٹل مارکیٹس کے استحکام کو تقویت ملے گی اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کی طرف راغب کرنے میں بھی مددملے گی ۔ پالیسی اقدامات میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات شامل ہیں ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی ماہر اقتصادیات ثنا مسعود نے بتایا کہ یہ اصلاحات پیداواری سرمایہ کاری کے لیے مالی وسائل کو متحرک کرنے میں مدد کریں گی ۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved