وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو موجودہ حالات میں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن کی ملاقات ہوئی جس میں سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور چیف منسٹر ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج پر گفتگو کی گئی۔عثمان بزدار نے کہا کہ عوام وزیراعظم عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، وطن عزیز کے مسائل کا حل اتحاد و اتفاق میں مضمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب کو وطن کا یہ قرض اتارنے کے لیے اپنا فرض ادا کرنا ہو گا جبکہ سیاست کے لیے آگے بہت وقت ہے۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کو موجودہ حالات میں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔عثمان بزدار نے مزید کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں نے اس اہم ترین موقع پر بھی پوائنٹ اسکورنگ کی کوشش کی، اپوزیشن بند گلی میں پھنس چکی ہے، یہ تحریک عدم اعتماد کے بعد بھی روتی رہے گی۔
دوسری جانب صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن نے ملاقات میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے سیاسی اور ترقیاتی ویژن کو سراہا۔پیر سید سعید الحسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان حقیقی لیڈر ہیں، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں اور ساتھ کھڑے رہیں گے۔