آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سیاست دانوں کو آپس کے معاملات خود طے کرنے دیں۔
نجی چینل ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق آرمی چیف نے یوم پاکستان کی پریڈ کے اختتام کے موقع پر میڈیا، سندھ، بلوچستان اور فاٹا کے نوجوانوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست دان صبح آپس میں لڑتے ہیں، اور شام میں اکٹھے بیٹھ کر چائے پیتے ہیں، سیاست دانوں کو آپس کے معاملات طے کرنے دیں، فوج اس میں مداخلت نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام اگر صحیح لوگوں کو ووٹ دیں گے، تو پاکستان بدلے گا۔ مزید کہا کہ میڈیا کے لوگ انسان بن جائیں تو سب ٹھیک ہو جائے گا، پاکستان کا مسئلہ اگر ہم ہیں تو میڈیا بھی ہے۔
فوج مداخلت کرے تو بھی نہ کرے تو بھی برا بھلا سننے کو ملتا ہے
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں منتخب نمائندے فیصلہ کریں کہ اس ملک کیلئے کیا بہتر ہے، سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فوج مداخلت کرے تو بھی نہ کرے تو بھی برا بھلا سننے کو ملتا ہے۔
آئندہ آرمی چیف فاٹا اور بلوچستان سے بھی ہو سکتا ہے
سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ نوجوان پاک فوج کا حصہ بنیں، آنیوالے دنوں میں ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ اگلا آرمی چیف فاٹا اور بلوچستان سے بھی ہو، بلوچستان کے لوگ باہر بیٹھے لوگوں کے بہکاوے میں نہ آئیں، صوبے کی خوشحالی اور قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں، ریکوڈک جیسا منصوبہ بہت بڑی تعداد میں نوکریاں لے کر آرہاہے، اپنی زندگیاں پہاڑوں میں ضائع کرنے کی بجائے ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا حصہ ڈالیں، سر حد پار بیٹھے دشمنوں سے جلد نمٹ لیں گے۔