ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں نیوزی لینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو 16 رنز سے شکست دے دی۔
دبئی انٹر نیشنل کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے۔اسکاٹش ٹیم 173 رنز کے ہدف کے جواب میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بناسکی۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جارج منسے نے 22 رنز بنائے، کپتان کائل کوٹزر 17، وکٹ کیپر بلے باز میتھیو کراس 27 اور مائیکل لیسک 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ایش سوڈھی اور ٹرینٹ بولٹ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور ڈیرل مچل نے اننگز کا آغاز کیا، 35 رنز کے مجموعی اسکور پر پہلے ڈیرل مچل اور پھر کین ولیمسن آؤٹ ہوئے۔
52 رنز کے مجموعی اسکور پر ڈیون کانوائے بھی چلتے بنے، اس موقع پر گلین فلپس نے گپٹل کا ساتھ نبھانے کا بیڑا اٹھایا۔ دونوں کھلاڑیوں نے نیوزی لینڈ کو بڑے ہدف تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
گپٹل اور فلپس کے درمیان 105 رنز کی شراکت قائم ہوئی، 157 کے اسکور پر فلپس آؤٹ ہوگئے انہوں نے 33 رنز بنائے۔ 157 رنز پر مارٹن گپٹل بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 7 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 93 رنز کی اننگز کھیلی۔
اسکاٹ لینڈ کے براڈ ویل اور سفیان شریف نے2،2 اور مارک واٹ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ نے اسکاٹ لینڈکو16 رنز سے شکست دے دی
3
نومبر 2021