اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا قومی اسمبلی کے اجلاس کے متعلق اہم بیان سامنے آیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ میں بطور اسمبلی کسٹوڈین اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کی کاروائی آئین کے آرٹیکل95 اور قومی اسمبلی کے رولز آف پروسیجر کی شق 37 اور ضوابط کے مطابق چلاؤں گا۔
I as the custodian of the National Assembly of Pakistan will fulfil my constitutional obligations and will proceed in accordance with Article 95 of the Constitution & rule 37 of the Rules of Procedure and Conduct of Business in the National Assembly, 2007.
— Asad Qaiser (@AsadQaiserPTI) March 23, 2022
یاد رہے کہ تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس 14 روز میں طلب کرنا ضروری ہے، لیکن ناگزیر وجوہات کی بناء پر اجلاس میں تاخیر کو آئین شکنی نہیں کہا جا سکتا ہے۔ اب روایت یہ ہے کہ کسی رکن قومی اسمبلی کے انتقال کے بعد منعقد ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کو فاتحہ خوانی کے بعد ملتوی کر دیا جاتا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی خیال زمان اورکزئی طویل بیماری کے بعد 14 فروری 2022ء کو انتقال کر گئے تھے، ان کی وفات کے بعد یہ قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس ہے۔ حکومتی وزراء کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا استحقاق ہے کہ وہ 25 مارچ کے اجلاس کو فاتحہ خوانی کے بعد غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیں، اور یہ اجلاس رمضان کے بعد تک بھی ملتوی کیا جا سکتا ہے۔