متحدہ اپوزیشن نے قوت اخوت عوام چارٹر کے عنوان سے مشترکہ چارٹر جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشترکہ چارٹر کے مطابق تحریک عدم اعتماد کامیاب بنا کر ایسا پاکستان تشکیل دیں گی جہاں آئین کی حرمت مقدم ہو، ریاست کے تمام انتظامی ادارے ایک منتخب انتظامیہ اور پارلیمنٹ کے تابع ہوں جو قومی پالیسی سازی کا منبع ہو، عدلیہ آزاد ہو اور بغیر کسی دباؤ کے فیصلے کر سکے۔
میڈیا کی آزادی اظہار رائے کو تحفظ حق حاصل ہو ،تمام منتخب ادارے عوام کے سامنے جوابدہ ہوں۔ عوام کو یہ اختیار حاصل ہو کہ وہ اپنے آزادانہ حق رائے دہی کے ذریعہ انہیں منتخب اور رخصت کر سکیں۔ آج پاکستان کے عوام حکومت کی ناکام پالیسیوں اور کارکردگی سے بالخصوص غریب متوسط طبقے اور نوجوان بدترین مہنگائی ، بیروزگاری اور سماجی عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی جمع کرارکھی ہے، جس پر کاروائی کیلئے اسپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کیا ہے۔