پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت دو وفاقی وزراء بھی عمران خان کو چھوڑ کر جا رہے ہیں۔
نجی چینل کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور 2 وفاقی وزراء سمیت پی ٹی آئی کے 11 لوگ عمران خان کو چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان افراد نے ٹکٹ کیلئے دیگر پارٹیوں سے رابطے شروع کر دئیے ہیں۔
راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ مزید دو وفاقی وزیر ہمارے کیمپ میں شامل ہونا چاہ رہے ہیں، لیکن ان کیلئے گنجائش نہیں بن پا رہی، اگر ہمارے گروپ کے کچھ لوگ ان وزراء کیلئے راضی ہو گئے تو شاید وہ بھی آ جائیں۔
راجہ ریاض نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب بلوچستان کی ایک بڑی شخصیت کے ذریعے سندھ کی بڑی سیاسی شخصیت کیساتھ رابطے کر رہے ہیں، تاکہ انہیں ٹکٹ مل جائے، یا ان کے مقابلے میں کوئی امیدوار کھڑانہ کیا جائے، بہت جلد یہ عمران خان کو چھوڑ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو لگ بھگ 200 اراکین قومی اسمبلی کی حمایت حاصل ہو چکی ہے۔
یاد رہے کہ آج حکومت کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی کے محرف اراکین قومی اسمبلی سے دوبارہ رابطہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔