سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے یوم پاکستان پریڈ کے موقع پر پی اے ایف اور پاک بحریہ فلائی پاسٹ طیاروں کے فارمیشنز کی قیادت کی۔
تفصیلات کے مطابق ائیرچیف نے ایف 16 بلاک 52 طیارے میں پریڈ اسکوائرکے اوپر شاندار پرواز کا مظاہرہ کیا، ائیر چیف کا جہاز آسمان کی بلندیوں میں جاتا دیکھ کرحاضرین بےحد محظوظ ہوئے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق یوم پاکستان پر جے 10 سی لڑاکا طیاروں کی فلائی پاسٹ میں پہلی دفعہ شرکت سے ایک نئی تاریخ بھی رقم ہوئی، پاک فضائیہ میں جے 10 سی طیاروں کی شمولیت ایک اہم سنگ میل ہے جس سے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ فلائی پاسٹ میں جے ایف 17، جے 10 سی، میراجز، ایف16، قراقرم ایگل، ساب 2000 ایری آئی ، ایف 7 پی، ایف 7 پی جی اور پی اے ایف اکیڈمی ایروبیٹکس ٹیم “شیردل” نے بھی فضائی مظاہرہ پیش کیا۔