وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جو لوگ پارٹیاں بدل رہے ہیں ان کے ذہن میں یہ بھی ہونا چاہیے کہ پاکستان میں الیکشن جلدی بھی ہو سکتے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہناتھا کہ اتحادیوں سے پوری امید ہے ، اتحادی ہمیشہ دیر سے فیصلہ کرتے ہیں ، میں پاکستان کے باخبر لوگوں میں سے ایک با خبر آدمی ہوں ، کوئی کہیں نہیں جارہا، کہا جارہاہے کہ عثمان بزدار جارہاہے ، وہ کہیں نہیں جار ہاہے ، وہ بھی چٹان کی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑاہے ۔
وزیر داخلہ کا کہناتھا کہ اگر اپوزیشن کے پاس ہمارے لوگ ہیں تو ہمارے پاس بھی ان کے بندے ہیں جو ووٹ ڈالنے نہیں جائیں گے ، ہمارے پاس جو ان کے لوگ ہوں گے وہ ذمہ داران ہوں گے ، وہ سمجھیں گے کہ اسی میں بہتری ہے کہ عمران خان اپنا وقت پورا کریں گے ا ور ممکن ہو تو وقت سے پہلے انتخابات ہو جائیں گے ۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ پاکستان کے ساتھ ہے، اب اپوزیشن کو فوج کا خیال آگیا بہت اچھی بات ہے، کوئی شک نہیں پاک فوج عظیم فوج اورعدلیہ دوراندیش ہے، ملک میں عظیم افواج کے خلاف پروپیگنڈا برداشت نہیں کریں گے، جو فوج یاعدلیہ مخالف مہم چلائے گا اسے سختی سے کچل دوں گا، ایمرجنسی قانون کا حصہ ہے لیکن عدلیہ کے فیصلےکا احترام کرتے ہیں، میں گورنر راج کا حامی تھا اور وزیراعظم کو اس کی تجویز بھی دی تھی جو وزیراعظم نے مسترد کردی تھی۔