ایم کیو ایم کے رہنماء عامر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کیساتھ زبانی معاملات طے ہوئے ہیں، سب کچھ طے ہونے تک حتمی فیصلہ نہیں ہو سکتا۔
تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں ایم کیو ایم کی جانب سے عامرخان، خالد مقبول صدیقی، امین الحق، وسیم اختر اور جاوید حنیف شامل تھے، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، مرتضیٰ وہاب، ناصرشاہ، سعید غنی اور رخسانہ بنگش شریک ہوئیں۔
بعد ازاں میڈیا سےگفتگو میں ایم کیو ایم کے رہنماء عامر خان نے کہا کہ ہماری مشاورت جاری ہے، ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، آج کی ملاقات بھی مشاورت کا حصہ ہے۔
عامر خان نے بتایا کہ بلاول نے کہا ہےکہ انہوں نے مطالبات مان لئے ہیں، لیکن یہ مطالبات ابھی زبانی مانےگئے ہیں، ابھی اسے باقاعدہ طور پر تحریری شکل نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ساری چیزیں جب تک طے نہیں ہوں گی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکتا۔ عامر خان کا کہنا تھا کہ چاہے (ن) لیگ کے ساتھ بات ہو یا پیپلزپارٹی کیساتھ بات ہو، جب تحریری معاہدہ ہو گا تو سامنے آ جائے گا۔
رہنماء ایم کیو ایم نے کہا کہ حتمی فیصلے سے متعلق اعلان رابطہ کمیٹی کی مشاورت سے ہوگا، کوئی جلدی نہیں، اپنے لوگوں اور اپنے شہر کو سامنے رکھ کر فیصلہ کریں گے، اور یہ فیصلہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے پہلے کر لیا جائے گا۔