وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم آخری دم تک اس مافیا کا مقابلہ کریں گے، تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق آج وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، اتحادی جماعتوں اور اراکین سے رابطوں کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے قانونی ٹیم نے بھی ملاقات کی، اجلاس میں وزیراعظم کو سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس پر سماعت پر بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے قومی اسمبلی کے کل ہونے والے اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم آخری دم تک اس مافیا کا مقابلہ کریں گے، تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی، یہ اپوزیشن کی غلط فہمی ہے میں دباؤ میں آجاؤں گا،27 مارچ کو عوام بتا دیں گے وہ کس کے ساتھ ہیں۔
یاد رہے کہ 27 مارچ کو پاکستان تحریک انصاف کا تاریخی جلسہ اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ہو گا، جس کے بعد تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہو گی۔