حج و عمرہ پروگرام میں جدت کیلئے 8 معاہدوں پر دستخط، عالمی کانفرنس اختتام پذیر

24  مارچ‬‮  2022

سعودی وزارت حج و عمرہ نےعالمی کانفرنس کے آخری روز  پروگرام میں جدت کیلئے 8 معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جدت کی جانب تبدیلی کے عنوان سے 21 مارچ کو شروع ہونے والی عالمی حج وعمرہ کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی۔  کانفرنس کا افتتاح خادم حرمین شریفین کے مشیرو گورنرمکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے کیا۔ کانفرنس کا اہتمام وزارت حج و عمرہ نے سعودی ویژن کے ایگزیکٹو پروگرام دیوف الرحمن کے اشتراک سے کیا۔

کانفرنس میں حج و عمرہ کی سروسز کو بہتر بنانے کیلئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں حج و عمرہ پروگرام میں جدت اور ٹیکنالوجی کا استعمال، حجاج کرام کی خدمت کیلئے ڈیجیٹل تجربوں کو مزید بہتر بنانا، آگاہی پروگرامز کا آغاز، سروسز جانچنے کا طریق کار اور حج و عمرہ زائرین کی کیلئے صحت کی سہولتوں سمیت دیگر امور شامل ہیں۔

عالمی کانفرنس میں ورکشاپ سمیت 40 سیشن منعقد ہوئے، جس میں وزارت حج و عمرہ نے مملکت کے ویژن 2030ء کے مطابق حج و عمرہ کی سروسز میں بہتری کیلئے 8 معاہدوں پر دستخط کئے۔ مزید برآں دیوف الرحمٰن پروگرام کے تحت حج و عمرہ سروسز کو جدید ترین ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کیلئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مملکت کے ویژن 2030ء کے مطابق حج و عمرہ سروسز کی جدید ٹیکنالوجی پر منتقلی کیلئے مختلف حکام سے تجاویز اور سفارشات بھی وصول کی گئیں، جن کا جدید حج و عمرہ پروگرام کیلئے جائزہ لیا جائے گا۔

کانفرنس کے آخری روز حج و عمرہ چیلنج جیتنے والے فاتحین کا اعلان کیا گیا، پروگرام میں جدت کیلئے بہترین آئیڈیاز دینے والے 1500 افراد کو رجسٹر کیا گیا، جن میں سے 120 افراد نے کانفرنس کے تین روزہ پروگرامات میں شرکت کی۔ رجسٹرڈ افراد کو 6 مختلف گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا، جن میں کراؤڈ مینجمنٹ، ویسٹ مینجمنٹ ، ہاؤسنگ، کیٹرنگ، ہیلتھ اور ٹرانسپورٹیشن شامل تھے۔ مالیم ٹیم، عرابہ ٹیم اور سقایہ ٹیم نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

یاد رہے کہ عالمی حج و عمرہ کانفرنس کا آغاز پیر کے روز ہوا تھا، جس میں مملکت کے ویژن 2030ء کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے کانفرنس میں وزارت حج نے ڈیجیٹل تبدیلی کے میدان میں جو ترقی کی ہے ان پربھی روشنی ڈالی گئی۔

وزیرحج وعمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کا کہنا ہے کہ ہمارے تمام تر اقدامات کا محور و ہدف حجاج کرام اور عمرہ زائرین کی مشکلات کو ختم کرنا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved