قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے کل کے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کے 15 نکاتی ایجنڈے میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل ہے۔
اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس آئین کی شق 54(3) اور شق 254کے تحت تفویض اختیارات کو بروے کار لاتے ہوئے طلب کیا ہے، جو قومی اسمبلی کا 41 واں اجلاس ہو گا۔
ایجنڈے میں کہا گیا ہے کہ ایوان کے 152 ارکان کی رائے ہےکہ وزیر اعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں، لہٰذا انہیں عہدے سے ہٹا دیا جائے۔
اس سے قبل اپوزیشن کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی پر تنقید کی جا رہی تھی کہ اجلاس تو طلب کر لیا گیا ہے، لیکن اسمبلی سیکرٹریٹ ایجنڈے سے تاحال لاعلم ہے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کو کل کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں کیا جائے گا، اور گزشتہ مہینے پاکستان تحریک انصاف کے انتقال کرجانے والے رکن قومی اسمبلی خیال زمان اورکزئی کیلئے فاتحہ خوانی کے بعد اجلاس ملتوی کر دیا جائے گا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ 2022ء بروز جمعہ صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، جو اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا ہے۔