مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے نمبر پورے ہیں، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گی۔
مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں نواز شریف سے لندن میں بلوچستان کے سابق رکن اسمبلی سنتوش کمار بگٹی نے ملاقات کی، اس موقع پر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتمادکی کامیابی یقینی ہے، میں جلد وطن واپس آنا چاہتا ہوں، ڈاکٹروں نے مجھے جب بھی اجازت دی تو اگلی فلائٹ سے پاکستان پہنچ جاؤں گا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی صورتحال نے بہت رنجیدہ کر رکھا ہے، جلد عوام کو اس حکومت سے چھٹکارہ دلوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم پاکستان کیلئے پرامن اور خوشحال بلوچستان ناگزیر ہے، بلوچستان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل ہوناچاہیے، جس کیلئےپاکستان مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں واضح پالیسیاں بنائی تھیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر کاروائی کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح 11 بجے طلب کر لیا گیا ہے، جس کے ایجنڈے میں تحریک عدم اعتماد بھی شامل ہے۔ تحریک عدم اعتماد میں کامیابی کیلئے حکومت اور متحدہ اپوزیشن کی جانب سے کامیابی کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔