وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف کی آئندہ ماہ تقرری کے متعلق اہم بیان جاری کیا ہے۔
آج وزیراعظم ہاؤس میں سینئر صحافیوں کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپریل میں نئے آرمی چیف کی تقرری کی باتیں محض قیاس آرائیاں ہیں۔ آرمی چیف سے بہت اچھے تعلقات ہیں، تقرری وقت پر ہی ہو گی۔
تحریک عدم اعتماد کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے عوام کے پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سازش کے تحت سیاسی عدم استحکام پھیلایا جا رہا ہے، تحریک عدم اعتماد قانونی وسیاسی معاملہ ہے اس کاسامنا کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ضمیرفروشی کسی صورت قابل قبول نہیں، عدم اعتماد کی تحریک پرآخری وقت تک پتہ نہیں چلے گا، کتنے لوگ آتے ہیں، یہ اسی دن پتہ چلے گا۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی کا 41 واں اجلاس آج خیال زمان اورکزئی کیلئے فاتحہ خوانی کے بعد پیر کی سہہ پہر 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے، تحریک عدم اعتماد بھی آج کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھی، جس پر کاروائی نہیں کی گئی۔