ناراض حکومتی رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے شوکاز نوٹس کا جواب پیش کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نور عالم خان نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑا ہے اور نہ ہی وہ پارلیمانی پارٹی سے الگ ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپنے جواب میں واضح کیا کہ انہوں نے ایسا کوئی انٹرویو نہیں دیا ہے جس کی وضاحت پیش کرنے کی ضرورت ہو۔
انہوں نے کہا کہ ان پر لگائے جانے والے تمام تر الزامات جھوٹے ہیں اور ساتھ ہی شوکاز نوٹس میں لگائے الزمات کی سختی سے تردید بھی کردی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تمام الزامات غلط ہیں لٰہذا وہ پرسنل پیشی کی ضرورت بھی محسوس نہیں کرتے ہیں اور ان پر آئین کے آرٹیکل 63 کا ہر گز اطلاق نہیں ہوتا ہے۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ناراض ارکان کو چھبیس مارچ تک شو کاز کا جواب دینے کی مہلت دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے اپوزیشن کے ساتھ ہونے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پارٹی کی جانب سے تمام منحرف ارکان کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے قیادت نے ان سے جواب طلب کیا تھا۔