امریکہ نے لڑکیوں کے اسکول بند کرنے پر طالبان سے مذاکرات منسوخ کردئیے

26  مارچ‬‮  2022

امریکا نے لڑکیوں کے اسکول دوبارہ بند کرنے کا حکم دینے پر طالبان سے مذاکرات منسوخ کردیے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی حکام اور افغان طالبان کے درمیان دوحہ میں معاشی امور پر مذاکرات طے تھے تاہم امریکی حکام نے طالبان کی جانب سے لڑکیوں کے اسکول کھولنے کے بعد دوبارہ بند کرنے کے اعلان پر مذاکرات منسوخ کردیے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو میں کہا کہ طالبان کا فیصلہ انتہائی مایوس کن، افغان عوام اور بین الاقوامی برادری کے سامنے کیے گئے عزم سے یوٹرن ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ طالبان کے فیصلے کے بعد امریکا نے دوحہ مذاکرات سمیت کچھ ملاقاتوں کو منسوخ کردیا ہے اور ہمارا مؤقف واضح رہےکہ طالبان کا یہ فیصلہ ان کے ساتھ ہمارے اہم معاملات پر یوٹرن ہے۔

طالبان اور امریکی حکام کے درمیان قطر سمٹ کے دوران کچھ امور پر مذاکرات ہونے تھے جنہیں اب منسوخ کردیا گیا ہے جب کہ ان مذاکرات میں عالمی بینک اور اقوام متحدہ کے نمائندوں کو بھی شرکت کرنا تھی۔

طالبان اور امریکی حکام کے درمیان مذاکرات میں افغان سینٹرل بینک اور کرنسی کے حوالے سے امور پر بات کی جانی تھی۔

طالبان اور امریکی حکام کے درمیان مذاکرات کی منسوخی اس بات کی نشاندہی کرتی ہےکہ انسانی حقوق سے متعلق طالبان کے اقدامات بین الاقوامی برادری کی جانب سے ان کی مدد پر براہ راست اثر انداز ہوں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved