معیشت کو دستاویزی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، صدر مملکت

26  مارچ‬‮  2022

صدر ممکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معیشت کودستاویزی بنانا وقت کی ضرورت ہے، معیشت کومکمل طورپردستاویزی بنانے سے ہماری مجموعی قومی پیداوار(جی ڈی پی) میں سالانہ تین فیصد اضافہ ہوسکتاہے۔

اسلام آباد – (اے پی پی): صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ معیشت کودستاویزی بنانے سے ہماری مجموعی قومی پیداوار(جی ڈی پی ) میں تین فیصداضافہ ممکن ہے، تاجراور کاروباری برادری قومی معیشت کی نمومیں اہم کرداراداکررہی ہے، خواتین کوکاروبارسمیت تمام شعبوں میں مساوی مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بات کراچی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹریز(ایف پی سی سی آئی) کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدرمملکت نے کہاکہ حکومت تاجراورکاروباری برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اورکاروبارمیں آسانی کیلئے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے بیماراوربندصنعتوں کی بحالی اوران سے پیداوارمیں اضافہ کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں، ٹیکسٹائل کی صنعت کے فروغ سے ہماری برآمدات میں اضافہ ہواہے ۔

صدرنے کہاکہ مختلف شعبوں کیلئے تمام متعلقہ شراکت داروں کی مشاورت سے ہی پالیسی سازی کے بہترنتایج سامنے آتے ہیں ،زمینی حقائق کے مطابق اور مشاورت سے کئے جانیوالے فیصلے بہتر ثابت ہوتے ہیں کیونکہ اگراچھی پالیسی زمینی حقائق سے ہٹ کرہوں توناکامی کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔

صدرمملکت نے کہاکہ حکومت کاکام انٹیلکچوئل اورتجارتی شاہراہیں بنانا اورتجارت ، کاروبار اورسرمایہ کاری کیلئے سازگارماحول فراہم کرنا ہے ، ان سارے امورکی انجام دہی کیلئے حکومت کوٹیکس کی ضرورت ہوتی ہے، ٹیکس کے نظام میں شفافیت ضروری ہے کیونکہ موجودہ دور شفافیت اور کھلے پن کا ہے ، اگر ہماری آدھی تجارت میز کے نیچے چل رہی ہوں تو اس سے ہماری معیشت کو فائدہ نہیں ہوتا، اس کے ساتھ ساتھ لوگ ٹیکس کے نظام میں آنے سے بھی گھبراتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہاکہ معیشت کو دستاویزی بنانے سے ان مسائل سے بخوبی عہدہ برآں ہوا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ منی لانڈرنگ کے تدارک اورمعیشت کودستاویزی بنانے سے ترسیلات زر اوربرآمدات میں نموہوئی ہے ، معیشت کودستاویزی بنانا وقت کی ضروری ہے ، معیشت کومکمل طورپردستاویزی بنانے سے ہماری مجموعی قومی پیداوار(جی ڈی پی) میں سالانہ تین فیصداضافہ ہوسکتاہے۔

صدرمملکت نے کہاکہ حکومت کا کام ٹیکس لینا ہے لیکن اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ ٹیکس لینے اورخرچ کرنے میں کرپشن نہ ہوں، یہ ایک طرح سے سیاسی کام بھی ہے اورنظام کی فعالیت کو بھی فروغ دینا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ حکومت اورتاجر وکاروباری برادری کے درمیان مذاکرات ٹیکسوں میں چھوٹ پرنہیں بلکہ ٹیکس کی شرح میں کمی اور شفافیت پرمبنی ہونے چاہئیے۔

صدرمملکت نے کہاکہ فیڈریشن کی جانب سے تحقیق وترقی کی بات انتہائی خوش آئند ہے کیونکہ اس سے پیداوارمیں اضافہ ہوگا۔ علم پرمبنی معیشت ہماری ضرورت ہے ، ہماری یونیورسٹیوں میں ہونے والی تحقیق کو قومی معیشت میں شامل ہونا چاہئیے ۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved