مسلم لیگ ن کو بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مل گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے ن لیگ کو 28 مارچ کو جلسہ کرنے کے لیے این او سی جاری کر دیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دیے گئے این او سی کے مطابق ن لیگ کو صرف ایک دن کے لیے جلسےکی اجازت دی گئی ہے، اجازت نامہ ایک دن کے جلسہ کے لیے دیا گیا ہے، جلسے کے شرکا ریڈ زون نہیں جائیں گے، کسی کو ریذ زون کی طرف جانےکی اجازت نہیں دی جائے گی۔ن لیگ کو جاری این او سی میں کہا گیا ہے کہ جلسے کے دوران سری نگر ہائی وے سمیت کوئی سڑک بند نہیں کی جائے گی، جلسے کے منتظمین این او سی کی شرائط پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور حمزہ شہبازکی قیادت میں حکومت کیخلاف مہنگائی مکاؤ مارچ لاہور سے گوجرانوالا پہنچ گیا۔مریم نواز نے کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ بڑا باؤلر بنا پھرتا تھا نوازشریف نے دو درجن وکٹیں اڑا دیں۔انہوں نے کہا کہ لندن میں بیٹھ کر ایسی مار ماری اب چھپنے کی جگہ نہیں مل رہی، نوازشریف جلدآپ کے سامنے ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو بنی گالہ سے نہیں بلکہ پاکستان سے باہر پھینک دیں گے۔
کارکنوں سے خطاب میں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران نیازی تم نے جتنے سرپرائز دینے تھے دے دیے، اب قوم تمہیں سرپرائز دے گی۔