وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ جے یو آئی کے جلسے کا وقت ختم ہو چکا ہے ، چیف جسٹس بھی حکم دے چکے ہیں سرینگر ہائی وے پر کوئی مسئلہ نہیں ہوگا ، جے یو آئی نے اگر پھڈا کرنے کی کوشش کی تو یاد رکھیں کہ میں انتظامیہ کو فری ہینڈ دے چکا ہوں ۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کا جو نتیجہ بھی نکلے، میرے پاس اندر کی خبر ہے گینگ آف تھری کو کچھ نہیں ملنے جارہا۔انہوں نے کہا کہ پریڈ گراؤنڈ میں آج عوام کا سمندر ہو گا۔ بھاگ تو شہباز شریف بھی رہا تھا لیکن ایئر پورٹ سے پکڑ لیا اور یہ چلو بھر پانی لے کر ڈوب مریں کیونکہ ان کی واجبی سی ریلی لاہور سے آرہی ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ 28 مارچ کو ہم نے ن لیگ کو بھی جلسے کی اجازت دی ہے۔ عمران خان ان سے آخری اوور اور بال تک کھیلے گا جبکہ ان کی نااہلیوں کی وجہ سے عمران خان مقبول ہوگیا ہے لیکن اگر وزیر اعظم عدم اعتماد میں نہ بچے تو اللہ عزت دے گا۔انہوں نے کہا کہ 7 دن تک ہمارا کمانڈ اینڈ کنٹرول 24 گھنٹے کے لیے کھلا ہے اور کشمیر ہائی وے پر جے یو آئی کے کارکن آئے تو قانون کے مطابق عمل ہو گا تاہم آپ کا حق ہے آپ ریلی کریں لیکن آپ کا وقت ختم ہو چکا ہے اور پھڈا کرنے پر انتظامیہ حرکت میں آئے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مال سے لوگوں کے ضمیر خریدے جا رہے ہیں۔ عمران خان دن کے وقت 5 ساڑھے پانچ بجے خطاب کرنا چاہتے ہیں۔ سری نگر ہائی وے کو خاص طور پر کھلا رکھنے کے آرڈرز ہیں جبکہ ان کا معیار گر چکا ہے کیونکہ یہ قاتلوں کو بھی دبئی سے بلا رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں حفاظتی ضمانت ہوئی ہے تاہم میں نے نہیں سنا کہ بندہ دبئی میں ہو اور 10 دن کی حفاظتی ضمانت ہو۔