چینی وزیر خارجہ کا بھارت کا غیر اعلانیہ دورہ

27  مارچ‬‮  2022

چینی وزیر خارجہ و سٹیٹ قونصلر وانگ یی نے بھارت کا غیر اعلانیہ دورہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے بعد چینی وزیر خارجہ افغانستان پہنچے، جہاں افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ سمیت دیگر حکام سے ملاقاتوں کے بعد بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی پہنچے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزیر خارجہ کا دورہ بھارت میڈیا سے بالکل خفیہ رکھا گیا، اور آخری وقت تک دونوں ملکوں کی جانب سے سرکاری سطح پر اس بارے میں کوئی بیان نہ جاری کیا گیا۔ جمعرات کے روز افغانستان سے پرواز کرنے کے بعد ان کی نئی دہلی آمد کی تصدیق ان کے طیارے کی پرواز کے راستے کی ٹریکنگ سے ہوئی، اور تب یہ واضح ہوا کہ چینی وزیر خارجہ نیپال کی بجائے نئی دہلی جا رہے ہیں۔

برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارت آنے والی زیادہ تر غیر ملکی شخصِات دہلی کے دفاعی ائیرپورٹ پر اترتی ہیں، پھر یہاں سے انہیں سخت سیکیورٹی کے حصار میں ریاستی اداروں کے دفاتر لیکر جایا جاتا ہے، لیکن چینی وزیر خارجہ کو دفاعی ایئر پورٹ کی بجائے کمرشل ہوائی اڈے سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔

25 مارچ کو نئی دہلی پہنچنے کے بعد چینی وزیر خارجہ نے بھارتی ہم منصب ایس جے شنکر اور بھارت کے مشیر قومی سلامتی اجیت دوول سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ مسائل اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے مابین سرحدی کشیدگی کے بعد چین کی جانب سے یہ پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس سے خطاب میں چینی  وزیر خارجہ نے کشمیر کے متعلق پاکستان اور اسلامی ممالک کے موقف کی حمایت کی تھی، جس پر بعد ازاں بھارت نے سخت تنقید کی تھی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved