وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو بڑا چیلنج کیا ہے۔
اسلام آباد – (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آصف زرداری جتنی دولت ہے لے آؤ ایک کارکن بھی نہیں بکے گا، تحریک انصاف اور عمران خان عوام کی عدالت میں سرخرو ہوگئے، اپوزیشن نے پیغام دیا ہے کہ این آر اور دے دو،عدم اعتماد واپس لے لیں گے لیکن قوم فیصلہ کرچکی کہ تمہیں این آر او نہیں ملے گا، مینار پاکستان پر عمران خان نے بلایا تو سمندر امڈ آیا اور آج پھر پریڈ گراؤنڈ میں قوم کہہ رہی ہے کہ وزیراعظم قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں۔
اتوار کے روز پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ امر بالمعروف سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 27 مارچ کو پاکستانیوں کو اسلام آباد لانے کی دعوت کی تمنا میرے قائد نے کی اور آج بتا دیا کہ قوم جاگ اٹھی ہے۔1947ء میں قائد اعظم نے قوم کو جگایا تو پاکستان بنا،1965 ء میں قوم جاگی۔پشاور اے پی ایس حملہ پر قوم جاگی اور دہشت گردوں کو شکست ہوئی اور آج قوم جاگی ہے کہ کچھ ضمیر بکتے ہیں تو کچھ ضمیر حسین کے انکار کی طرح کھڑے ہوجاتے ہیں، آصف علی زرداری جتنی دولت ہے لے آؤ ایک کارکن بھی بکنے کیلئے تیار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم آج عوام کی کچہری میں سرخرو ہوگئی اور قوم نے عمران خان کو کہہ دیا کہ وہ اس کے ساتھ کھڑے ہیں ،کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے۔ یہاں کوئی ضمیر فروش نہیں ہے۔ آج بغض عمرن میں سب اکھٹے ہوگئے۔عمران خان کا سر یہ قوم کبھی جھکنے نہیں دے گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ عمران خان کو پیغام دیتے ہیں کہ این آر او دے دو عدم اعتماد واپس لے لیں گے۔ قوم فیصلہ کرچکی کہ زرداری، نواز شریف، فضل الرحمان تمہیں این آر او نہیں ملے گا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ سبز پاسپورٹ کی عزت کراؤں گا۔ اسلامو فوبیا اور گستاخی کرنے والوں کے خلاف قرارداد منظور ہوئی ہے اور یہ اعزاز بھی پاکستان اور آپ کے وزیراعظم کے حق میں جاتا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میرے سینے میں بہت راز ہیں چاک کروں تو یہ منہ دکھانے کے قابل نہ رہیں لیکن میں ایک حلف کا پابند ہوں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ میں نے اپنے کپتان کو آگاہ کردیا کہ منصوبہ بندی کیا ہے اور کہاں سے ہو رہی ہے، یہ امانت میں نے آپ کو دیدی ہے۔قوم جب سر اٹھا کر جینے کا عزم کرتی ہے تو مشکلات آتی ہیں۔
انہوں نے شرکاء سے عہد لیا کہ آپ عمران کا ساتھ دیں گے اور گھبراؤ گے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے کپتان نے 30 اکتوبر 2011 کو مینار پاکستان بلایا تھا اور قوم امڈ آئی اور آج پھر 27 مارچ کو پاکستانی قوم یہ پیغام لے کر آئی ہے کہ قوم قدم بڑھاؤ عمران ہم تمارے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم کہہ رہی ہے کہ ہمیں چاہئے پرانا خان اور نیا پاکستان۔ ضمیر فروشوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔