وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں گزشتہ 30 سال کے دوران دو بڑے خاندانوں نے حکمرانی کی اور خود تو امیر ہوگئے لیکن پاکستان کو مجموعی طور پر کمزورکردیا۔
اٹک میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر حکومت کی اپنی اپنی ترجیحات ہوتی ہیں، خیبرپختونخوا میں 2013 میں اتحادی حکومت تھی لیکن 2018 میں ہمیں دو تہائی اکثریت ملی، خیبرپختونخوا میں عام لوگوں کی زندگی بہترہوئی اس لیے دوبارہ ووٹ ملا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ ہیلتھ کارڈ متعارف کرایا جس کے باعث وہاں کے نیم متوسط طبقے کو طبی سہولیات میسر ہوئیں۔عمران خان نے مزید کہا کہ ہماری حکومت کی ترجیح یہ ہی رہی ہے کہ پاکستان کے کمزور طبقہ یا علاقوں کو خوشحال ہوجائیں اور ان کی زندگیاں بہتر ہوجائے تو ہم سمجھیں گے کہ ہم کامیاب ہوگئے۔
5سال بعد فیصلہ ہو گا کہ عام عوام کی زندگی بہتر ہوئی یا نہیں: وزیراعظم
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا ہم 2 یا 3 سال کا نہیں 5 سال کا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں، 5 سال بعد فیصلہ ہوگا کہ عام لوگوں کی زندگی بہتر ہوئی یا نہیں، 5 سال میں کمزور طبقے کی زندگی بہتر ہو جائے تو سمجھوں گا کامیاب ہو گیا۔وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو مخاطب کرکے کہا کہ اگر آپ پر کوئی تنقید کرتے تو اس سے کہیں کہ ہماری کارکردگی 5 سال بعد دیکھیں۔
پاکستان میں زچگی کے دوران سب سے زیادہ اموات
علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں زچگی کے دوران سب سے زیادہ اموات واقع ہوتی ہیں جو ملک کے لیے باعث شرمندگی ہے جہاں زچگی کے دوران بنیادی طبی سہولیات میسر نہیں ہوتیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئندہ دو برس کے دوران 5 مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال قائم کیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ مارچ تک فراہم کردیے جائیں گے جبکہ اسی ہیلتھ کارڈ کی بدولت نجی ہسپتال والے بھی اب دیہی علاقوں میں طبی سہولیات فراہم کریں گے۔
مہنگائی کا مسئلہ ساری دنیا میں ہے
مہنگائی پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا مسئلہ ساری دنیا میں ہے، 100 سال میں دنیا میں اتنا بڑا بحران نہیں جو کورونا میں آیا، تین ماہ تیل کی قیمت 45 ڈالر سے 85 ڈالر کا ہوگیا ہے لیکن اس کے باوجود جو ملک پیٹرول امپورٹ کرتے ہیں ان میں سب سے سستا پیٹرول پاکستان میں ہے، یہ ہم نے اپنے ٹیکسز اور لیویز کم کر کے کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے عالمی سطح پر ترسیل کا نظام متاثر ہو اور اس کے ثمرات اس قدر خطرناک تھے کہ اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، پہلے پہل تیل کی قیمت کم ہوئی لیکن اب 3 ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دگنی ہوگئیں، اس کا اثر پاکستان پر بھی ہوا۔