وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں چینی سمیت تمام اشیا بقیہ ملک کے مقابلے میں زیادہ مہنگی ہیں، چینی کی قیمتوں میں اضافہ سٹے کے نتیجے میں ہوا ہے اور حکومت کے پاس اس وقت ایک لاکھ 3ہزار ٹن چینی کا ذخیرہ موجود ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے کی تمام خبریں کراچی سے آ رہی ہیں جہاں باقی ملک کے مقابلے میں اشیا کی قیمتیں بے انتہا زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں زیادہ شوگر ملز آصف زرداری، پنجاب میں شریف فیملی کی ہیں، سندھ حکومت نے گندم ریلیز نہیں کی، اب کرشنگ بھی نہیں کر رہی۔ ہم نے چینی کی قیمت90روپے مقررکی،پنجاب میں پندرہ دنوں میں کرشنگ شروع ہوجائے گی
انہوں نے کہا کہ آٹے کی بوری کراچی میں پنجاب کے مقابلے میں 380روپے زیادہ مہنگی ہے، یہ قیمت خیبر پختونخوا سے بھی زیادہ ہے، اسی طرح چینی سمیت باقی اشیا بھی سندھ میں سب سے زیادہ مہنگی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اپنی پوزیشن واضح کرے کیونکہ انہوں نے پہلے گندم ریلیز نہیں کی اور اب وہ وہاں چینی کی کرشنگ شروع نہیں کررہے خصوصاً سندھ کے شہری علاقوں میں لوگ جن تکالیف کا شکار ہیں وہ سندھ حکومت کی پالیسیوں کے نتیجے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں لگتا ہے پولیس کا نام ونشان نہیں۔ سندھ میں جنگل کا ماحول لگ رہا ہے۔ اربن سندھ میں لوگوں کودن دہاڑے قتل کردیا جاتا ہے، لوگوں کوشکارکرنے کی ویڈیوبنانے پرقتل کر دیا جاتا ہے، غریب لوگوں کی آوازکومیڈیا بھی بلند کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر اشیائے خورونوش کی قیمتیں 10سال کی بلند ترین سطح پر ہیں جبکہ تیل کی قیمتیں بھی اب تک کی بلندترین سطح پر ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ بھارت اور بنگلہ دیش میں غربت تو پاکستان سے زیادہ ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ فی کس آمدن بھی ہم سے زیادہ ہے، انہیں یہ معلوم ہونا چاہیے کہ فی کس آمدن میں امبانی اور ٹاٹا کی آمدن بھی شامل ہے، عام آدمی کے حالات وہاں ہم سے برے ہیں، وہاں تیل کی قیمت پاکستان سے 50 سے 60 روپے زیادہ ہے اور وہاں اپوزیشن اس وجہ سے حکومت پر تنقید کررہی ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں چینی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا اور حیدرآباد میں چینی کی فی کلو قیمت نے ملک بھر کے شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ حیدرآباد میں چینی کی فی کلو قیمت 160 روپے کلو تک جا پہنچی ہے۔پشاور، کوئٹہ اور سوات میں چینی کی فی کلو قیمت 150 روپے تک پہنچ گئی۔ کراچی اور اسلام آباد میں ایک کلو چینی 145 روپے میں مل رہی ہے جب کہ لاہور میں ایک کلو چینی کی قیمت 140 روپے تک پہنچ گئی ہے۔