وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ (ق) لیگ نے وزیراعظم کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم کی سربراہی میں حکومت کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں پرویز الٰہی کے وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی تجویز پیش کی گئی تھی، جس کی وزیراعظم عمران خان نے منظوری دے دی۔ اس وقت اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی سربراہی میں (ق) لیگ کا اعلیٰ سطحی وفد بنی گالا میں موجود ہے، جس کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات جاری ہے۔
اس ملاقت کے دوران بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پنجاب میں وزارت اعلیٰ کیلئے چوہدری پرویز الٰہی کی حمایت کرے گی، اور (ق) لیگ نے بھی تحریک اعتماد میں وزیراعظم کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف چوہدری پرویز الہی کو وزیراعلی کے کینیڈیٹ کے طور پر سپورٹ کریں گے۔ ق لیگ نے وزیراعظم کی عدم اعتماد میں حمایت کا اعلان کر دیا
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) March 28, 2022
دوسری جانب وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بھی (ق) لیگ کیساتھ معاملات طے ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل حکومت اور (ق) لیگ کے وفد کی ملاقات میں ق لیگ کی جانب سے یہی شکوہ کیا جاتا رہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ہمیں وزرت اعلیٰ کی پیشکش کر رہی ہیں، حکومت کیوں نہیں کرتی؟
ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد حکومتی وزراء (ق) لیگ کو محدود نشستوں کی پارٹی ہونے کے باعث وزارت اعلیٰ دینے کے حق میں نہیں تھے، لیکن آج وزیراعظم کی جانب سے یہ مشکل اور بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے۔