وزیراعظم عمران خان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کو وزارت اعلیٰ کی پیشکش کے بعد ناراض اراکین اسمبلی کو منانے کا ٹاسک بھی سونپ دیا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی سربراہی میں (ق) لیگ کے وفد نے وزیراعظم عمران خان سے بنی گالا میں ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی حتمی منظوری دے دی تھی۔
وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کے دوران ہی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے استعفیٰ لے لیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چوہدری پرویز الٰہی کووزیراعلیٰ پنجاب نامزد کر دیا ہے، جبکہ (ق) لیگ تحریک عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کی حمایت کرے گی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے چوہدری پرویز الٰہی کوناراض اراکین کو منانے کا ٹاسک بھی دے دیا ہے، جس کے بعد تحریک عدم اعتماد میں حکومت کا پلڑا پہلے سے بھاری ہو گیا ہے۔