بلوچستان عوامی پارٹی کے چار اراکین قومی اسمبلی نے حکومت سے الگ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔
آج اسلام آباد میں متحدہ اپوزیشن کے ساتھ بلوچستان عوامی پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی نے پریس کانفرنس کی، جس میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد جو حکومت بنے گی وہ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ بہت جلد شہباز شریف کو وزیراعظم بنائیں گے۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بی اے پی نے فیصلہ پاکستان کے بہتر مفاد میں کیا ہے۔
پریس کانفرنس میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما خالد مگسی کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے اس وقت موقع ہے کہ اپوزیشن کی دعوت قبول کریں، بلوچستان مسلسل محرومیوں کا شکار ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے سارے معاملات مشاورت کے ساتھ طےکئے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ نئے انداز میں ملک کو سنبھالا جائے، اورمعاملات حل کئے جائیں، اٹکا کر نہ رکھا جائے۔