مسلم لیگ (ق) کے حکومت کے ساتھ معاملات طے ہونے پر پیپلز پارٹی کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی پہلے اپنی وزارت اعلیٰ کیلئے نمبرز تو پورے کر لیں، پھر پی ٹی آئی کے ناراض اراکین اسمبلی کو واپس لانے کا کام شروع کریں۔
یاد رہے کہ آج وزیراعظم عمران خان نے چوہدری پرویز الٰہی کو پنجاب کا وزیراعلیٰ نامزد کرتے ہوئے انہیں پی ٹی آئی کے ناراض اراکین اسمبلی کو منانے کا بھی ٹاسک دیا ہے۔
نیر بخاری نے کہا کہ طارق بشیر چیمہ نے واضح طور پر اپوزیشن جماعتوں کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس تحریک عدم اعتماد کیلئے نمبرز پورے تھے، لیکن پھر بھی اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے مستعفی ہونے پر انہوں نے کہا کہ اگر وہ خود مستعفی ہوتے تو استعفیٰ گورنر پنجاب کو پیش کرتے۔
نیر حسین بخاری نے واضح کیا کہ اگر پرویز الٰہی پی ٹی آئی کے امیدوار ہوئے تو پیپلز پارٹی انہیں پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے ووٹ نہیں دے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ق لیگ کی جانب سے حکومت کی حمایت کے اعلان کے ہمارے پاس نمبر پورے ہیں، یہ وزیراعظم اب چند دن کا مہمان ہے۔