مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ابھی تو پنجاب میں گیم شروع ہوئی ہے، ہم سب کچھ اتنی آسانی سے نہیں ہونے دیں گے۔
نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنماء مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ہماری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنانے کی کبھی خواہش نہیں تھی، ہم اپوزیشن کے ساتھ اتحاد میں تھے، اس لئے اکثریت کی بات ماننا پڑی۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تو نمبر گیم شروع ہوئی ہے، اگر پرویز الٰہی پی ٹی آئی کے امیدوار ہو سکتے ہیں، تو علیم خان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کیوں نہیں ہو سکتے؟
میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی کیسے وزیراعلیٰ بن گئے، پنجاب اسمبلی میں اکثریت تو ہمارے پاس ہے، آپ کیاسمجھتےہیں ہم خاموشی سے یہ سب ہونے دیں گے؟ انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ پیپلز پارٹی بھی ہے، ان کی مشاورت سے فیصلہ کریں گے۔
میاں جاوید لطیف نے مزید کہا کہ اگر چارلوگ ایک طرف ہوں، تو اکیلے ووٹ کو (ق) لیگ کیسے کہہ سکتے ہیں، چوہدری شجاعت کے ہوتے ہوئے حتمی فیصلہ ان کا ہوگا۔
یاد رہے کہ آج وزیراعظم عمران خان نے چوہدری پرویز الٰہی کے ساتھ ملاقات میں انہیں وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے امیدوار نامزد کیا ہے، جس کے بعد (ق) لیگ کے رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔