وزیر خزانہ کی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کو صارفین کیلئے کوکنگ آئل پر 10 فیصد ریلیف یقینی بنانے کی ہدایت

28  مارچ‬‮  2022

وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے سیکرٹری وزارت صنعت وپیداوارکو ای سی سی کے فیصلہ کے مطابق مقامی خریداری کے ذریعے چینی کے اسٹریٹجک ذخائر کی تعمیر کے عمل کو تیز کرنے اور صارفین کو کوکنگ آئل پردرآمدی ڈیوٹی پر 10 فیصد ریلیف دینے کو یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد – (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ نہ یہ ہدایات پیر کے روز  نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔  وفاقی وزیرقومی غذائی تحفظ وتحقیق سید فخر امام، وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد، سیکرٹری صنعت و پیداوار، صوبائی چیف سیکرٹریز، اقتصادی مشیر خزانہ ڈویژن، ممبر نیشنل اکاؤنٹس پی بی ایس، ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن، چیئرمین اوگرا، ممبر کسٹمز ایف بی آر اور دیگر سینئر افسران نے بھی  اجلاس میں شرکت کی۔

وزارت خزانہ کے اقتصادی مشیر فنانس ڈویژن نے اجلاس کے شرکاء کو قیمتوں کے ہفتہ وار حساس اشاریہ ایس پی آئی کے بارے میں بریفنگ دی اوربتایا کہ گز شتہ ہفتے کے دوران قیمتوں کے حساس اشاریہ میں پیوستہ ہفتہ کے 1.37 فیصد کمی کے مقابلے میں 1.10 فیصد اضافہ ہوا۔ہفتہ کے دوران روزمرہ استعما ل کی 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 18 کی قیمتیں مستحکم اور 25 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

اجلاس کوبتایا گیا کہ لہسن، ٹماٹر، انڈے، ایل پی جی سلنڈر، گڑ، چینی، دال چنا اوردال مسور کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کے دوران کمی ہوئی ہے۔ شرکاء کو ملک میں گندم اور آٹے کی قیمتوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی اوربتایا گیا کہ کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس سے قومی اوسط قیمت متاثر ہوئی ہے۔

وزیرخزانہ کو ملک میں گندم کے ذخائر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا اوربتایاگیا کہ ملک میں گندم وافر مقدار میں دستیاب ہے۔ نئی فصل کی آمد اور مستقبل میں کھپت کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیرخزانہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کو گندم کی پیداوار کے بارے میں صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے حقیقت پرمبنی اعداد و شمار تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ مستقبل میں گندم کی درآمد کا بہترطورپراندازہ ہو۔

بلوچستان حکومت کے نمائندے نے بتایا کہ صوبہ میں گندم کے وافر ذخائر موجودہیں۔اجلاس کے شرکاء کو ملک میں چینی کی قیمتوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیرخزانہ نے سیکرٹری وزارت صنعت وپیداوارکو ای سی سی کے فیصلہ کے مطابق مقامی خریداری کے ذریعے چینی کے اسٹریٹجک ذخائر کی تعمیر کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کے شرکا کو ملک میں دالوں کی قیمتوں پر بھی بریفنگ دی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ دالوں کی قیمتیں مستحکم ہیں۔ ریکارڈ ملکی پیداوار کی وجہ سے مونگ کی دال کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ماش کی دال کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی۔ مسور کی دال کی قیمتوں میں بھی استحکام رہا۔

اجلاس میں بناسپتی گھی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کاجائزہ لیاگیا اور بتایا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں پام اور سویا بین آئل کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر بالترتیب 49.2 اور 72.4 فیصدکا اضافہ ہوا ہے۔ وزیرخزانہ نے وزارت صنعت و پیداوار کو صارفین کو کوکنگ آئل پردرآمدی ڈیوٹی پر 10 فیصد ریلیف دینے کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔اجلاس میں ملک میں کھادوں کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے شرکاء کو ملکی کھاد کی پڑوسی ممالک کو اسمگلنگ کے بارے میں آگاہ کیاگیا۔ وزیرخزانہ نے کھادکی سمگلنگ پر تشویش کا اظہار کیا اور ایف بی آر کو ہدایت کی کہ وہ کھاد کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے فوری کارروائی کرے تاکہ ملک میں کھادکی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس میں تھوک اور خوردہ قیمتوں کے مارجن کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے صوبائی حکام کو آلو، پیاز اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں ہول سیل اور ریٹیل کے کم سے کم فرق کو یقینی بنانے کے لئے انتظامی اقدامات کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے آؤٹ لیٹس پر سبزیاں فراہم کرنے کی تجویز کا جائزہ لیاگیا۔

ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے بتایا کہ اس طرح کی سہولیات وفاقی دارالحکومت میں یوٹیلٹی سٹورزکے آؤٹ لیٹس پر شروع کر دی گئی ہیں جبکہ صوبوں کے لئے متعلقہ حکام سے مشاورت جاری ہے۔

اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا علاقائی ممالک میں قیمتوں سے موازنہ کرنے کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی اوربتایا گیا کہ پڑوسی ممالک بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے مقابلے پاکستان میں اشیاء کی قیمتیں سب سے کم ہیں۔ شرکاء کو ملک بھر کے سستا اور سہولت بازار میں رعایتی نرخوں پر ضروری اشیاء کی دستیابی کے بارے میں آگاہ کیاگیا۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے اس حوالہ سے حکومت پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد کی انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے سہولت بازاروں میں رعایتی نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی پر حکومت سندھ کے تعاون پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔وزیرخزانہ نے کہاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کے لئے کی جانے والی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved