صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کو مراعات دینے کے باعث پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔
کراچی– (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، ملک میں ویلیو ایڈیشن کے ذریعے سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔یہ بات انہوں نے پیر کو کراچی سے تقریباً 80 کلومیٹر دور نوری آباد میں سروس لانگ مارچ(ایس ایل ایم)ٹائر فیکٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ڈاکٹر عارف علوی نے بتایا کہ ایس ایل ایم فیکٹری کا قیام چینی اور پاکستانی سرمایہ کاروں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔صدر مملکت نے خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2013-2018 کے دوران ٹائروں کی اسمگلنگ میں اضافہ دیکھا گیا لیکن اب ملک میں ٹائروں کی تیاری سے اسمگلنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے چین کی حکومت اور اس کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ زراعت، آٹو اور دیگر ایسے متعدد شعبے ہیں جہاں ہم چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں اور یہ دونوں ممالک اور اس کے عوام کے لیے فائدہ مند ہو گا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے بتایا کہ ملک میں ویلیو ایڈیشن کے ذریعے سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر نے ملک میں سرمایہ کاری اور تاجر برادری کو سہولتیں فراہم کرکے شاندار کام کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیک ہولڈر کو پالیسی سازی کے عمل میں شامل کئے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ صدر مملکت نے کہا کہ خواتین اور معذور افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں جیسا کہ بینکنگ اور دیگر شعبوں نے کیا ہے۔